بھٹکل:21؍مارچ(ایس اؤ نیوز) کروناوائرس کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ عوام غیر ضروری اور بے کار بازاروں، سوپر مارکیٹوں اور دیگر عوامی ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں۔ اس بات کی اپیل انڈین میڈیکل اسوسی ایشن بھٹکل شاخ کی طرف سے کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پریس کانفرنس منعقد کرتےہوئے آئی ایم اے بھٹکل کے سکریٹری ڈاکٹر عبدالقادر نے بتایا کہ کروناوائرس سے خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ سرکاری حکم کے مطابق سبھی اوپی ڈی بند کئے گئے ہیں اس کے باوجود 24گھنٹے ڈاکٹر دستیاب ہیں ، چھوٹی موٹی بیماریوں کے لئے نہیں اسپتال نہ جائیں البتہ کوئی ضروری مرض ہے تو ڈاکٹروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ان کے مطابق کروناوائرس کی بیماری کا سب سے بہتر علاج کوئی دوا نہیں ہے بلکہ اپنے آپ کو عوامی جگہوں سے بچا کررکھنا ہے ۔ ملنا جلنا کم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14سے 28دنوں تک ایک دوسرے سے دوری بنائے رکھئیے۔ یہ سب کسی اور کے لئے نہیں بلکہ خود کی حفاظت کے لئے ہے۔ گھروں میں بھی تنہائی کا اہتمام کریں۔ ہوسکے تو الگ الگ کمروں میں رہیں، مل جل کر نہ بیٹھیں، جتنا ہوسکے اتنی دوری برتیں ۔یہ بہترین علاج ہے جس کے نتیجے میں ہم بیماری سے بچ سکتےہیں۔ اس کے علاوہ جو لوگ بھی بیرونی ممالک سے آئے ہیں وہ 14دنوں تک گھروں میں اپنے آپ کو بند رکھیں، ان کا سب کچھ الگ ہو، حتیٰ کہ باتھ روم بھی الگ ہو۔ ان کی استعمال کردہ کسی چیز کو دوسرے لوگ استعمال نہ کریں۔ 14دنوں کے بعد ان کا کمرہ ، باتھ روم وغیرہ اچھی طرح دھولیں ۔
ڈاکٹر نسیم خان نے کہا کہ اگر ہم 14گھنٹوں تک کسی سے نہ ملیں ، کسی چیز کو نہ چھوئیں تو ممکن ہے بڑی حد تک وائرس کے پھیلنے کو روک سکتے ہیں۔ بیرونی ممالک سے جوبھی آئے ہیں انہیں وائرس ہو کہ نہ ہو ،اگلے 14دنوں تک ان کے لئے بہت ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو ،بچوں کو ، خاندان والوں کو ، عوام کو وائرس سے بچانے کے لئے الگ کمرے میں قیام کریں ۔ بلاوجہ ناک، کان، چہرے کو ہاتھ نہ لگائیں۔ اس طرح ہم اس وائرس کو روک سکتے ہیں۔